ایک نیوز : نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے ہوم سیریز کیلئے شاداب خان کی جگہ شان مسعود کو بابر اعظم کا نائب مقرر کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ شاداب خان کے زخمی ہونے کے وجہ سے انہیں ون ڈے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ، کیونکہ شاداب خان نائب کپتان ہیں اس لیے ان کی غیر موجودگی میں شان مسعود کو بابر اعظم کے ڈپٹی کی ذمہ داری دے دی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عبوری چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے 16 رکنی ون ڈے سکواڈ کا اعلان کیا تھا ، سکواڈ میں حارث سہیل اور فخر زمان کی واپسی ہوئی ہے ، جبکہ نئے کھلاڑیوں میں طیب طاہر اور اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ کپتان بابراعظم، حارث روف ، کامران غلام، امام الحق، محمد حسنین ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ ، سلمان علی آغا، شاہنواز دھانی اور شان مسعود شامل ہیں ۔
چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بابر اعظم کپتا ن ہوں گے ،ایک کھلاڑی ٹیسٹ میں پرفارم کر رہا ہے ٹی 20 میں پرفارم نہیں کرتا تو نکال دیا جاتا ہے۔ کپتان کو تمام آپشنز دے رہے ہیں، جب وہ ٹیم بنائیں گے سب کھلاڑی اس وقت کھیل چکے ہوں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ یہ ایک ایسی کرسی ہے کہ اکثر لوگ ناراض ہوں گے ، میں سب کو خوش بھی نہیں کرسکتا۔میرٹ پر فیصلے کئے ہیں، کسی کو نہیں بھولیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک سیزن کے وقت تمام پلیئرز کا کھیلنا ضروری ہے۔جہاں موقع ملے اچھی کرکٹ کھیلنی چاہیے تاکہ نظروں میں رہیں۔لیگ میں شرکت کرنے سے پہلے ڈومیسٹک کرکٹ اہمیت رکھتی ہے۔کھلاڑیوں کو پاکستان کی کرکٹ کو اہمیت دینا ہوگی۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل شروع ہونے سے 10 دن پہلے سب کو فری ہونے کا کہا ہے۔ کھلاڑیوں کو لیگز کھیلنے کے لیے این او سی ملنا چاہیے۔ایک پیج کا مطلب ہر فیصلہ میں ایک ہونا ضروری نہیں ،ہماری الگ الگ ذمہ داریاں ہیں، وہ الگ الگ لے کر چلیں گے۔