ایک نیوز: کپکپی اور تھرتھری دوڑاتی سردی کے دوران بارش اور برفباری کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں آج شمالی بلوچستان میں داخل ہوں گی جس سے کوئٹہ، زیارت اور چمن سمیت شمالی بلوچستان میں کل اور پرسوں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے جبکہ چترال، سوات، مالاکنڈ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی بادل برسیں گے، ان علاقوں مین بارش سے درجہ حرارت میں 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے۔
کوئٹہ ، ژوب ، زیارت ،ہرنائی، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ ، چمن اور پشین میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق 07 سے 09 جنوری کے دوران مری میں درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔بارش کی وجہ سے دھند کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔برفباری پہاڑی علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت خلل کا باعث بن سکتی ہے۔مسافر حضرات کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں۔بارش بارانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، شیخوپورہ،گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ،فیصل آباد، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر، منگلہ، منڈی بہاؤالدین،جوہر آباد اور ڈیرہ غازی خان میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ صبح کے اوقات میں سکھر ، لاڑکانہ، حیدر آباد اور موہنجوداڑو میں ہلکی دھند پڑنے، کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے بارش اور برفباری متوقع ہے ۔
اسلام آباد میں درجہ حرارت صفر ،کوئٹہ میں منفی 2،گلگت میں منفی 6،مظفر آباد 1،مری میں متنفی 1ڈگری تک پہنچ گیا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 4،کراچی میں 11،پشاور میں2،فیصل آباد 3،ملتان 4ڈگری تک پہنچ گیا ۔