پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج،موٹرویز بند،ٹرینیں اورپروازیں متاثر

Jan 06, 2023 | 09:03 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جبکہ حد نگاہ بھی نہ ہونے کےبرابر ہے جس کے باعث اہم شاہراہوں سمیت موٹرویز کو متعدد مقامات سے بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹرویز پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو کو لاہور سے شیخوپورہ ، لاہور ملتان موٹر وے ایم تھری کو فیض پور سے رجانہ، موٹر وے ایم فور کو پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور موٹروے ایم الیون کو لاہور سے سیالکوٹ تک شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

دوسری جانب جی ٹی روڈ کومتعدد مقامات اور رنگ روڈ کو بھی شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

شدید دھند کی وجہ سے ریلوے سسٹم پر کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی مسافر ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں،کراچی براستہ  فیصل آباد اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی پاکستان ایکسپریس 5 گھنٹے  اور کراچی سے لاھور آنے والی کراچی ایکسپریس4 گھنٹے جبکہ کراچی سے لاھور آنے والی پاک بزنس ایکسپریس 4  گھنٹے  تاخیر کا شکار ہے.

کراچی براستہ فیصل آباد اور پشاور کے درمیان چلنے والی رحمان بابا ایکسپریس 4گھنٹے  اور کراچی سے لاھور آنے والی قراقرم ایکسپریس3 گھنٹے 40 منٹ جبکہ کراچی سے لاھور آنے والی تیزگام ایکسپریس 3 گھنٹے  تاخیر کا شکار ہے.

کراچی براستہ  فیصل آباد اور ملک وال کے درمیان چلنے والی ملت ایکسپریس 3گھنٹے اور مچھ سے لاھور آنے والی جعفر ایکسپریس3 گھنٹے اور کراچی سے لاھور آنے والی خیبر میل ایکسپریس 2 گھنٹے اور کراچی سے لاھور آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس1 گھنٹہ 40 منٹ جبکہ کراچی سے لاھور آنے والی فرید ایکسپریس1 گھنٹہ تاخیر کا شکار ہے۔

مزیدخبریں