فوجی قیادت کیساتھ تعلقات مثالی، آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں:وزیراعظم

فوجی قیادت کیساتھ تعلقات مثالی، آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں:وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر کافی دور ہے، میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت اتحادیوں کے ساتھ مل کر 5 سال پورے کرے گی، ان کرپشن زدہ پارٹیوں سے تو بالکل کوئی خطرہ نہیں،اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لے آئے ۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے، تمام تر شواہد کے باوجود یہ لوگ بچ نکل رہے ہیں، شہباز شریف کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، کیا کوئی انکار کر سکتا ہے شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کیلئے آئندہ 3 ماہ کافی اہم ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ سے پارٹی کو بہت نقصان ہوا، پنجاب حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہوں، پاکستان کے چین اور امریکا دونوں کیساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شفافیت سے قوم کا پیسہ بچانے پر وزیر مواصلات مراد سعید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتےہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 4 رویہ سڑک کی لاگت میں ن لیگ کے مقابلے میں 138 فیصد کمی،آمدن میں 125 فیصد اضافہ جبکہ 5.18ارب روپے کی اراضی تجاوزات سے پاک کی گئی۔
انہوں نے لکھا کہ یہ کارنامے عالمی سطح پر مہنگائی اورنرخوں میں اضافے کے باوجودسرانجام دیئے گئے۔