کورونا قوانین کی خلاف ورزی،آسٹریلیا کا ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ

Jan 06, 2022 | 13:00 PM

admin
میلبورن:کورونا قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر آسٹریلیا نے ورلڈ نمبر ون ٹینس سٹار نوواک جوکووچ کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوواک جوکووچ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے میلبورن پہنچے تو ایئر پورٹ حکام نے سربین ٹینس سٹار کو ویکسین سے استثنیٰ اور غلط ویزا کی بنیاد پر داخلے سے روک دیا۔
جوکووچ کو ویکسینیشن قوانین سے مستثنیٰ ہونے کے بعد آسٹریلین اوپن میں کھیلنا تھا لیکن ان کی ٹیم نے ویزے کی درخواست نہیں کی تھی جو ویکسین نہ لگوانے پر طبی چھوٹ کی اجازت دیتا ہے۔
ٹینس سٹار سے میلبورن ٹولامیرین ائیر پورٹ کے ایک کمرے میں ویزے کی حیثیت اور استثنیٰ کے ثبوت کے بارے میں 8 گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تاہم کافی دیر انتظار کے بعد آسٹریلوی حکام نے ان کا ویزا منسوخ کردیا ہے۔
خیال رہے کہ آسٹریلین اوپن میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں اور عملے کیلئے ویکسینیٹڈ ہوناضروری ہے یا پھر ان کے پاس کسی آزاد پینل کے ذریعے استثنیٰ ہو۔
دوسری جانب سربیا کے صدر آسٹریلیا پر برس پڑے اور ٹینس سٹار کے ساتھ ناروا سلو ک کی مذمت کرتے ہوئے جوکووچ سے فون پر کہا کہ پورا سربیا آپ کے ساتھ ہے۔ دنیا کے بہترین کھلاڑی کے ساتھ نا روا سلوک کا معاملہ اٹھانے کے اقدامات کررہے ہیں،عالمی قوانین کے تحت جوکووچ کو انصاف دلانے کے لیے لڑیں گے۔

مزیدخبریں