شفافیت سے قوم کا پیسہ بچانے پر وزیر مواصلات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں:وزیراعظم

Jan 06, 2022 | 12:34 PM

admin
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شفافیت سے قوم کا پیسہ بچانے پر وزیر مواصلات مراد سعید کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتےہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 4 رویہ سڑک کی لاگت میں ن لیگ کے مقابلے میں 138 فیصد کمی،آمدن میں 125 فیصد اضافہ جبکہ 5.18ارب روپے کی اراضی تجاوزات سے پاک کی گئی۔
انہوں نے لکھا کہ یہ کارنامے عالمی سطح پر مہنگائی اورنرخوں میں اضافے کے باوجودسرانجام دیئے گئے۔


دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم سے جھوٹی تقاریر، ٹویٹس پر استعفی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ‎عمران صاحب، قوم کو آپ کے بے تکے بھاشن اور جھوٹ نہیں، استعفی چاہئے، عمران صاحب آج غیر قانونی فارن فنڈنگ کا جواب دینا تھا، سڑکوں پر ٹویٹ نہیں، ٹویٹ اب صرف استعفی دینے کا کریں، اب عوام کو کوئی نیا جھوٹ فریب اور مکاری نہیں چاہئیے، جو سڑکیں اور موٹر ویز نواز شریف بنا گیا وہ کسی وزیراعظم نے نہیں بنائیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جھوٹی ٹویٹس سے سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی فارن فنڈنگ کا ڈاکہ چھپتا ہے، ‎قوم کو بتائیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی تلاشی میں آپ چور ثابت ہوئے ہیں، آپ نے کن غیرملکی کمپنیوں اور افراد سے کتنے ڈالر کھائے، دو ارب روپے زائد کی فارن فنڈنگ چوری کا جواب دیں، استعفی دیں اور قانون کا سامنا کریں، بتائیں کن، کتنے غیر ملکیوں سے کتنی فنڈنگ لی ہے، آج تک اپنی غیر قانونی، غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات کیوں جمع نہیں کروائیں، بتائیں سات سال الیکشن کمیشن سے کیوں مفرور رہے، آج تک فارن فنڈنگ کی کوئی معلومات نہیں دیں۔
مزیدخبریں