وزیر اطلاعات فواد چودھری نے گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) میجر جنرل بابر افتخار کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری ماضی کا قصہ بن چکے،ان کا نہ تو مستقبل ہے اور نہ ہی حال،مستقبل کے لوگ اور ہیں،یہ سلسلہ آصف زرداری اور نواز شریف کے بغیر ہی آگے چلنا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ڈیل کی باتیں بے بنیاد ہیں، ڈیل سے متعلق خبریں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں، اس پر جتنی کم بحث کی جائے ملک کے لئے بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، شام کے پروگرامز میں کہا جاتا ہے سٹیبلشمنٹ نے یہ کردیا وہ کردیا، سٹیبلشمنٹ کو ڈیل اور اس طرح کی باتوں سے باہر رکھا جائے، ڈیل کے حوالے سے باتیں من گھڑت اور قیاس آرائیاں ہیں، ڈیل کی باتیں کرنے والوں سے پوچھا جائے کون ڈیل کی باتیں کر رہا ہے اور اس کے محرکات کیا ہیں، کیا شواہد ہیں۔
معاشی صورتحال سے متعلق ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ معاشی صورتحال کا ہر شعبے میں عمل دخل ہوتا ہے، مگر ہمارے معاشی چیلنجز نئے نہیں ہیں اور اللہ کا شکر ہے مسلح افواج نے ملک کے بجٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین دفاعی صلاحیت کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ بھی کیا ہے۔