علی امین گنڈا پور  کا 8فروری کے جلسے بارے اہم  بیان سامنے آگیا  

Feb 06, 2025 | 17:33 PM

ایک نیوز: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا 8 فروری کے جلسہ کے حوالے سے ویڈیو بیان  سامنے آیا ہے۔  

تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈا پور نے اپنے  ویڈیو پیغام میں کہا میں پاکستان، خیبرپختونخوا کے عوام اور اوورسیز پاکستانیوں سے مخاطب ہوں، 8فروری ہم یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، اس دن ہمارے لیڈر عمران خان کو جو ووٹ ملا وہ چوری کیا گیا، اس سے پہلے 1971ءمیں بھی یہی کام کیا گیا تھا، 71ءکا واقعہ تاریخ کا حصہ ہے ، اس سے پاکستان ٹوٹ گیا تھا ۔  

انہوں نے  کہا  اللہ معاف کرے جس طرف ہم جا رہے ہیں، ہماری ادارے اور ہماری حکومتیں فارم 47 پر بنی ہیں، جبر کر کے ، آئین توڑ کر یہ حکومتیں بنی ہیں، جس طرح مینڈیٹ چوری کر کے یہ آگے بڑھ رہے ہیں اس سے ہونے والا نقصان سب کے سامنے ہے۔  

وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا   8 فروری کو بطور یوم سیاہ ہر سال منایا جائے گا،اس سال یوم سیاہ عمران خان کی ہدایات کے مطابق منا رہے ہیں، میں سب سے گزارش کرتا ہوں آپ جہاں پر بھی ہیں، آپ نے بھرپور طریقے سے نکلنا ہے، آپ نے ثابت کرنا ہے کہ پاکستان ، اس کی جمہوریت اور آئین کے لئے آپ اپنا کردار ادا  کریں گے،آپ جہاں پر بھی ہیں، اپنا احتجاج ریکارڈ  کرائیں گے ۔  

انہوں نے کہا  خیبرپختونخوا کے عوام نے 8 فروری کے جلسہ کے لئے ضرور آنا ہے، آپ نے دنیا کو پیغام دینا ہے کہ اپنا حقوق ہمیں لینا ہے، حق چھین کر لینا ہے، آپ اپنے حق کیلئے کھڑے  رہیں گے ، ایمان کے ساتھ، یقین کے ساتھ، عمران خان کے ساتھ، ہم اپنا حق لے کر ہی دم  لیں گے ، جلسے  میں آپ سب کا منتظر رہوں گا۔   

مزیدخبریں