غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی تجویز غیر منصفانہ ہے،ترجمان دفتر خارجہ

غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی تجویز غیر منصفانہ ہے،ترجمان دفتر خارجہ
کیپشن: The proposal to displace the people of Gaza is unfair, Foreign Office spokesman

 ایک نیوز: ترجمان دفترخارجہ  نے کہا ہے کہ  غزہ کے لوگوں کو بے گھر کرنے کی تجویز انتہائی پریشان کن اور غیر منصفانہ ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق  ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ   فلسطینی سرزمین فلسطینی عوام کی ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی واحد قابل عمل اور منصفانہ آپشن ہے، پاکستان فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے ساتھ ہے۔ 

انہوں نے کہا  پاکستان 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار، فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے کھڑا رہا ہے اور رہے گا ، فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے اور غیر قانونی بستیوں کو جاری رکھنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہوگی،ایسی کوشش پورے خطے کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچائے گی۔ 

 پاکستان  نے  غزہ سمیت تمام بے گھر فلسطینیوں کی اپنے گھروں کو واپسی کے مطالبے کا اعادہ کیا ،ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلاء کا مطالبہ  کرتے ہوئے کہا ہے کہ  انسانی امداد میں اضافہ اور تمام رکاوٹوں کو ختم کیا جائے ۔