ویب ڈیسک :جنوبی کوریا میں دس سال قبل دیئے گئے ایک انٹرویو کی بنیاد پر تھائی لینڈ کے وزیراعظم 76 سالہ تھاکسن شیناواترا پر شاہی خاندان کی توہین کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق تھائی لینڈ کے اسیر سابق وزیراعظم کو پیرول پر رہائی سے قبل ہی ایک مقدمے کا سامنا ہے جس میں تھاکسن شیناواترا کو مزید 15 سال کی قید ہوسکتی ہے۔یہ مقدمہ اس وقت سامنے آیا ہے جب تھاکسن شیناواترا جو اس وقت جیل میں کرپشن الزامات میں سزا کاٹ رہے ہیں اور اگلے ایک دو ہفتے میں پیرول پر رہا ہونے والے ہیں۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو جیل سے رہا ہوتے ہی شاہی خاندان کی توہین کے الزام میں حراست میں لے لیا جائے گا۔ تھائی لینڈ میں بادشاہت کو تحفظ فراہم کرنے والے سخت قوانین کے تحت انھیں 15 سال تک جیل ہوسکتی ہے۔
دو بار وزیراعظم رہنے والے تھاکسن شیناواترا 2006 میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں معزول ہوگئے تھے اور بیرون ملک منتقل ہوگئے تھے تاہم گزشتہ برس اگست میں خود ساختہ جلاوطنی ختم کرکے وطن لوٹے تھے۔وطن لوٹتے ہی سابق وزیراعظم تھاکسن شیناواترا کو کرپشن کے الزام میں حراست لے لیا گیا تھا اور وہ جیل میں سزا کاٹ رہے تھے لیکن اگلے ایک دو ہفتے میں پیرول پر رہائی ہونا تھی۔