بہت ٹھوکریں کھائیں ،اب مشکلوں سے نکلنا اورایشین ٹائیگر بننا ہوگا ، نوازشریف

Feb 06, 2024 | 19:03 PM

ویب ڈیسک :مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن اب ہمیں ان ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہرنکلناہوگا، پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے۔
نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہماری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو آج پورے پاکستان میں کوئی بے روزگار نہیں ہوتا اور ملک میں ترقی ہوتی اس لیے اب فراڈیوں کو دوبارہ آنے نہیں دینا انہوں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا ہے۔
قصور کے علاقے کھڈیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ الیکشن 8 کو ہیں لیکن آج یہاں جشن کا سماں ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، عوام کا پہاڑ ہے، سفید داڑھی والا بھی یوتھ ہے اور ہم سب یوتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف یہاں سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس کی سمجھ مجھے آرہی ہے اور یہاں جو جذبہ موجود ہے اس کی بھی سمجھ ہے، شہباز شریف کو یقین ہے کہ کھڈیاں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف 9 کے بعد تو آئیں گے لیکن یہ بتا کر جائیں کے کھڈیاں اور کوٹ رادھاکشن کو کیا دے کر جا رہے ہوں اور ان کو کچھ دیے بغیر جانے نہیں دینا اور یہاں کی تقدیر بدل جانی چاہیے۔
نواز شریف نے کہا کہ میری حکومت ختم نہیں کی جاتی تو کوئی بھی نوجوان بے روزگار نہیں ہوتا اور سب کے پاس باعزت روزگار ہوتا اور یہ بات میں یقین سے کہہ رہا ہے اور دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ نواز شریف کا دورہ جاری رہتا تو پورے ملک میں کوئی بے روزگار نہیں رہتا، یہ بات کوئٹہ، پشاور، لاہور اور کراچی کے عوام بھی سن لیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت ٹھوکریں کھائی ہیں لیکن ہمیں ان ٹھوکروں اور مشکلوں سے باہرنکلنا، پھر ترقی کی دوڑ میں شامل ہونا ہے اور ہم نے پھر ایشین ٹائیگر بننا ہے، میرے سامنے بڑے کام کے لوگ بیٹھےہوئے ہیں، ان سے کام لو اور اس جذبے کو پاکستان کے لیے استعمال کرو، یہ جذبہ پاکستان میں انقلاب پیدا کرے گا اور پاکستان کی تقدیر بدل دے گا۔
نواز شریف نے کہا کہ دو دن بعد جو سورج طلوع ہونے والا ہے، ان شااللہ وہ پاکستان کے لیے خوش حالی لے کر آرہا ہے، نواز شریف کے دور میں پاکستان میں خوش حالی تھی، یہ دھرنوں میں مصروف تھے اور ہم لوڈ شیڈنگ ختم کرنے، موٹر ویز بنانے، لوگوں کو سستی گیس اور سستی بجلی دینے، ہم دہشت گردی ختم کرنے میں مصروف تھے، ہم کسانوں کو آسانیاں دینے میں مصروف تھے، ہمارے دور میں 8 لاکھ روپے میں ٹریکٹر ملتا تھا اور آج 38 لاکھ روپے کا ملتا ہے تو کس کا دور اچھا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کسانوں کو سولر پینل بنا کر دینا ہے تاکہ ٹیوب ویل سولر پینل پر چلے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیں گے، لیپ ٹاپ کے ساتھ ساتھ ان شااللہ ان کو ہنر بھی سکھائیں گے اور باعزت روزگار بھی دیں گے۔
قائد مسلم لیگ (ن) نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہوں نے کہا تھا 50 لاکھ گھر دیں گے، کسی کو کوئی گھر ملا، کہاں گئے وہ 50 لاکھ گھر، ایک کروڑ نوکریاں کہاں گئیں، کسی کو بھی نوکری نہیں ملی، ایک بلین ٹری کا منصوبہ کہاں گیا، وہ کھو کھاتے میں پڑ گئے اور پاکستان کا اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ 350 ڈیمز کہاں گئے، کہیں ایک بھی ڈیم نظر آتا ہے، مرغیاں، انڈے، کٹے کہاں گئے، یہ سب فراڈ تھا، آج کل اتنی مہنگائی ہوگئی ہے جبکہ ہمارے زمانے میں 10 روپے میں ایک کلو سبزی ملتی تھی، 5 لاکھ روپے تک کاریں ملتی تھیں جبکہ آج 25 سے 30 لاکھ روپے کی ہوگئی ہیں، موٹرسائیکل 70 ہزار میں ملتا تھااور آج ڈھائی لاکھ روپے کا ملتا ہے۔

مزیدخبریں