27 ہزار 628 پولنگ سٹیشنز حساس ، 18 ہزار 437 انتہائی حساس قرار 

Feb 06, 2024 | 17:29 PM

ویب ڈیسک : ملک بھر میں 27 ہزار 628 پولنگ سٹیشنز کو حساس جبکہ 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قراردیدیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے پولنگ سٹیشنز اور انتخابات کے دوران سکیورٹی پلان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 44 ہزار 610 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ان نارمل پولنگ سٹیشنز میں سے 32 ہزار 324 پنجاب میں موجود ہیں جبکہ سندھ میں 5 ہزار 937، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 388 اور 98 مالاکنڈ میں ہیں۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ بلوچستان کو دو کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک کیٹیگری جس میں پولیس تعینات ہے جبکہ دوسری کی سکیورٹی پر لیویز مامور ہیں۔ کیٹیگری اے میں 598 اور کیٹیگری بی میں 318 پولنگ سٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں551 پولنگ سٹیشنز نارمل ہیں۔وزیر داخلہ نے یہ بھی واضح کیا کہ ’نارمل کا مطلب یہ نہیں کہ وہاں سکیورٹی فورسز تعینات نہیں ہوں گی بلکہ پولنگ سٹیشنز کی حساسیت کے حوالے سے وہاں سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 27 ہزار 628 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان میں سے 12 ہزار 580 صوبہ پنجاب میں جبکہ سندھ میں 5 ہزار 937 ہیں، بلوچستان میں 2 ہزار 337 اور  خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 388 ہیں۔
بلوچستان میں کیٹیگری اے میں ایک ہزار 221 حساس ہیں جبکہ کیٹیگری بی میں 816 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ اس طرح سے اسلام ابآد میں 133 کو حساس کہا گیا ہے۔
انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کی تعداد 18 ہزار 437 ہے۔ ان میں سے 6 ہزار 40 پنجاب میں ہیں، سندھ میں 6 ہزار 524، خیبرپختونخوا میں 4 ہزار 143، مالاکنڈ میں 30، بلوچستان اے میں ایک ہزار 666، بلوچستان بی میں ایک ہزار 47 اور اسلام آباد میں 304 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں