ویب ڈیسک: توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے بنی گالا سے اڈیالہ جیل منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں بشریٰ بی بی نے بنی گالہ کو سب جیل قرار دینے کا انتظامیہ کا 31 جنوری کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردینے کی استدعا کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ کسی بھی عام قیدی کی طرح سزا اڈیالہ جیل میں کاٹنا چاہتی ہوں، تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، سیاسی ورکرز جیلوں میں عام قیدیوں کے ساتھ ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ بنی گالہ سب جیل میں منتقلی مساوی حقوق کے منافی ہے، 31 جنوری کو مجھے سب جیل میں منتقل کیا گیا، پوچھنے پر مجھے بتایا گیا بنی گالہ رہائش کو سب جیل قرار دے دیا گیا۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ چیف کمشنر آفس اسلام آباد کا 31 جنوری کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔
واضح رہے کہ 31 جنوری کو احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ رنفرنس میں 14سال قید کی سزا دیے جانےکے بعد بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سخت سیکیورٹی میں بنی گالا منتقل کر دیا گیا ہے۔
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے لیے بنی گالا کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا اور جیل عملہ بھی بنی گالا تعینات کر دیا گیا۔