نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب

Feb 06, 2024 | 15:07 PM

ویب ڈیسک: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منتخب ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق محسن نقوی بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 37ویں چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ قائم مقام چیئرمین پی سی بی اور الیکشن کمشنر شاہ خاور، محسن نقوی کے چیئرمین منتخب ہونے کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے گورننگ بورڈ کے خصوصی اجلاس میں پیٹرن کے دو نمائندے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے شامل تھے، ان کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر، ڈیرہ مراد جمالی، لاڑکانہ، بہاولپور، سوئی ناردرن گیس، غنی گلاس، اسٹیٹ بینک اور پی ٹی وی گورننگ بورڈ کا حصہ تھے۔

 محسن نقوی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے لیے مضبوط ترین امیدوار تصور کیا جا رہا تھا جو اس وقت نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی ذمہ داریاں بھی نبھا رہے ہیں۔ 

چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی تین سال کے لیے ہوتی ہے اور ذرائع کا بتانا ہے کہ محسن نقوی 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری یا کوئی اور نمائندے نان ووٹنگ ممبر کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔

ںگراں وزیر اعظم انوار الحق کی جانب سے محسن نقوی کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ قوی امکان ہے کہ وہ بلامقابلہ چئرمین بورڈ منتخب ہوں گے اور پھر جلد پی سی بی کے چیئرمین کا چارج سنبھالیں گے جبکہ وہ اس وقت نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔

مزیدخبریں