نوازشریف کے جانے کے بعد عوام نے 4 سال نالائقی، نااہلی کا سامنا کیا، مریم اورنگزیب

Feb 06, 2024 | 13:16 PM

ویب ڈیسک: ترجمان مسلم لیگ ن اور سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کے جانے کا خمیازہ عوام کو مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے نوازشریف کی قیادت میں ملک بھر میں جلسے کئے، کل مری کے جلسے میں برفباری ہو رہی تھی، لوگ پہاڑوں سے نوازشریف کو دیکھنے آئے۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں نواز شریف نے بُرے حالات میں حکومت سنبھالی، 2017 میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگیا تھا، نوازشریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، نوازشریف کے دور میں 20،20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے جانے کا خمیازہ عوام کو مہنگائی کی صورت میں بھگتنا پڑا، آج ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے، پاکستان کے عوام نے 4 سال نالائقی، نااہلی کا سامنا کیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ جب دھرنے دیئے جا رہے تھے تب بھی نوازشریف ملک میں ترقیاتی کام کر رہے تھے، نوازشریف کے دور میں سی پیک، بجلی کے منصوبے لگ رہے تھے، نوازشریف ہمیشہ ملک میں ترقی و خوشحالی لائے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت ملک کو دیوالیہ کر رہی تھی، شہباز شریف نے آ کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، گالم گلوچ کی سیاست نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے چور چور کہنے والوں کو بے نقاب کر دیا، جو لوگ چور کہتے تھے ان کے دور میں کرپشن انڈیکس زیادہ ہوا، ن لیگ ملک سے مہنگائی، بیروزگاری کا خاتمہ کرنے کے ٹیسٹ میں پاس ہوئی، ن لیگ واحد جماعت جس نے ہمیشہ عوام کو ریلیف دیا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آ کر ہم پہلے سال سنگل ڈیجیٹ پر مہنگائی کو لائیں گے، ہم نے خالی نعرے نہیں لگائے کہ ایک کروڑ نوکری دیں گے، سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان میں ترقی آئے گی جس سے روزگار پیدا ہوگا۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کو سموگ اور پولیوشن فری کریں گے، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، ہمارے منشور میں مذہبی اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنایا گیا ہے، پاکستان کی یوتھ نے 8 فروری کو کارکردگی پر فیصلہ کرنا ہے، مسلم لیگ ن کے منشور پر عمل کیا جائے گا۔

مزیدخبریں