تباہ کن زلزلہ،وزیراعظم شہبازشریف کا ترکیہ جانے کا فیصلہ 

Feb 06, 2023 | 20:44 PM

ایک نیوز :تباہ کن زلزلہ سے بڑے پیمانے پرتباہی کے بعد وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کے دورے کافیصلہ کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف بدھ کے روز ترکیہ جائیں گے۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔وزیراعظم  ترکیہ کے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کادورہ کریں گے۔وزیراعظم ترک عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ترکیہ جارہے ہیں۔

ترکیہ کے دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف انقرہ بھی جائیں گے جہاں ترک صدر طیب اردوان سے ملاقات بھی کریں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ میری ابھی عزت مآب صدر طیب اردوگان سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، میں نے ترکیہ میں زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ میں نے انہیں کہا ہے کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کی ہر قسم کی مدد کیلئے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔    

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں زلزلے کے بعد آفت زدہ علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں بھیجنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
 ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تمام دستیاب وسائل کو متحرک کر رہی ہے۔ تربیت یافتہ اربن سرچ، ریسکیو ٹیموں کو آلات، ادویات کے ساتھ ترکیہ روانہ کیا جا رہا ہے۔ انقرہ میں ہمارا مشن متعلقہ ترک حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، زلزلے کی آفت کے بعد بحالی اور تعمیر نو کے مراحل میں ترکیہ کے ساتھ کام جاری رکھیں گے۔ 

مزیدخبریں