ایک نیوز:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن 90 دن سے آگے گئے تو جیل بھرو تحریک شروع کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا ویڈیوبیان میں کہنا تھا کہ دونوں صوبوں کے انتخابات 90 دن سے آگے لے جانا آئین کی خلاف ورزی ہو گا، الیکشن آئینی مدت سے آگے لے جانے والوں کیخلاف آرٹیکل 6 لگے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آئین بنیادی حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔حالات یہ ہیں کہ لوگوں کو اٹھایا جاتا ہے تشدد کیا جاتا ہے۔عدالت شیخ رشید کو ضمانت دیتی ہے اس کے باوجود انہیں اٹھا کر لے جاتے ہیں، عدالت نے حکم دیا کہ فواد چودھری کو پیش کرو، وہ اسلام آباد لے گئے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جب سے امپورٹڈ حکومت آئی ہے آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، حالات یہ ہیں کہ پولیس اور ریاست عدالتوں کے احکامات بھی نہیں سنتیں، وفاقی حکومت اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن سے بھی بھاگ رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا 25 مئی کو ہمارے پرامن احتجاج پر ظلم کیا گیا۔ قوم کا آئین اور قانون پر اعتماد اٹھتا جا رہا ہے۔ ہم نے اس لیے 2 اسمبلیاں ختم کیں کہ ملک عدم استحکام کا شکار ہے۔ 25 دن ہو گئے اب تک الیکشن کے لیے کوئی تاریخ نہیں دی گئی۔ الیکشن کی تاریخ نہ دینا سیدھی سیدھی آئین کی خلاف ورزی ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا جیل بھرو تحریک کا فیصلہ آئین کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کے لیے کیا ہے۔ کسی نظریہ ضرورت کی طرف جانا تباہ کن ہو گا۔ جسٹس منیر کے نظریہ ضرورت کے فیصلے ے ہی پاکستان میں خرابیوں کا آغاز ہوا تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کرنے والوں پر تو جیل میں کوئی تشدد نہیں ہوا۔ انہیں سہولیات دی جاتی تھیں، ان کے ہینڈلرز کو بتایا تھا کہ سازش سے حکومت ختم کی تو پھر ان سے حالات نہیں سنبھلیں گے۔ کارکنوں اور عوام کو بھی کہتا ہوں یہ سیاست نہیں حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔رضا کار اپنی رجسٹریشن کرائیں، تاریخ دوں گا کہ جیل بھرو تحریک کب شروع کر رہے ہیں۔