حکومتی ارکان کا سینیٹ اجلاس میں پرویز مشرف کیلئے دعا کرانے سے انکار

حکومتی ارکان کا سینیٹ اجلاس میں پرویز مشرف کیلئے دعا کرانے سے انکار

ایک نیوز: حکومتی ارکان نے سینیٹ اجلاس میں پرویز مشرف کی مغفرت کیلئے دعا کرانے کی مخالفت کردی۔ سینیٹر مشتاق نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا پرویز مشرف غدارہے اس کے لئے دعا نہیں ہوگی۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ترکی اور شام کے لئے دعا کراؤں گا، پرویز مشرف کیلئے دعا نہیں کراؤں گا۔

جس پر چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ کہتے ہیں تو دعا نہیں کرواتے۔

تاہم قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم سابق صدر پرویز مشرف کی فاتحہ خوانی کروانے پر مصر نظر آئے۔

شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے لئے دعا کروانے میں کیا حرج ہے، ایک بندہ مر گیا آگے اللہ کا معاملہ ہے۔

جواب میں سینیٹر مشتاق کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف غدارہے اس کے لئے دعا نہیں ہوگی۔

بعدازاں، اجلاس میں ترکیہ میں زلزلے سے ہونے والے شہداء کے لئے دعا خوانی کی گئی۔

سابق صدر پرویز مشرف کی فاتحہ خوانی کی حکومتی بینچوں کی مخالفت:

دوسری جانب حکومتی رکن بہرہ مند تنگی  نے اجلاس میں شورشرابہ کیا اور کہا  پرویز مشرف نے آئین شکنی کی ہے۔

حکومتی ارکان چئیرمین سینٹ کے ڈائس کے گرد اکٹھے ہوگئے ۔ اس موقع پر  چئیرمین سینیٹ  نے کہا  ایسے کریں گے تو ایوان چلائے گا کون؟ ۔ میں استعفی دے کر چلا جاتا ہوں۔ بعدازاں چئیرمین سینٹ نے اپوزیشن لیڈر کا مائیک بندکروا دیا  اور  ارکان کو اپنی نشستوں پر جانے کی ہدایت کی۔

 چئیرمین سینٹ  نے اپوزیشن لیڈر کو کہا کہ آپ نے آٹھ منٹ بات کی ہے۔  لڑکی کے بارے میں بات کرنا ہے تو ضرور کریں۔ 

تحریک انصاف کا پرویز مشرف کی مغفرت کیلئے دعا پر اصرار:

 بعدازاں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم  نے سابق صدر پرویز مشرف کے لئے فاتحہ خوانی  کی اور کہا آج مجھے افسوس ہوا کہ ایک انسان دنیا سے چلا گیا لیکن اس کے لئے دعائے مغفرت نہیں ہونے دی گئی ۔ اس سے بڑی آمریت کیا ہو گی ؟۔ پرویز مشرف سے جب این آر او لیا، تب وہ اچھا تھا۔ آج کہاں ہے آئین؟  یہ مورثی سیاست کی بات کرتے ہیں ؕ آئین ریاست اور عوام کا معاملہ ہے۔ یہاں ہر روز آئین شکنی ہو رہی ہے

۔

دوسری جانب اجلاس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر نثار کھوڑو نے بطور سینیٹر حلف اٹھا لیا۔