ایک نیوز: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 62 راولپنڈی 6 میں شیخ رشید کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نوشین اسرار نے ریٹرنگ افسر کی حیثیت سے شیڈول جاری کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق 6 سے8 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔ 9فروری کو امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔ 13 فروری کو کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی اور جانچ پڑتال ہوگی جبکہ 16 فروری کو اعتراضات اور اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔20 فروری کو سماعت کے بعد اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے اور 21 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 22 فروری کو کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکیں گے جبکہ 23 فروری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کردئیے جائیں گے۔ تمام طریقہ کار مکمل ہونے پر این اے 62 میں پولنگ 16 مارچ کو ہوگی۔
واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے استعفیٰ کے بعد یہ سیٹ خالی ہوئی تھی۔
دوسری جانب شیخ رشید کے بھتیجے اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق نے اعلان کیا ہے کہ ہم شیخ رشید کے حلقہ این اے 62 راولپنڈی سے کاغزات نامزدگی جمع کرائیں گے ۔ کاغزات نامزدگی پر دستخط درکار ہیں ،رسائی ممکن بنائی جائے ۔ میں آصف ، زردادی اوربلاول بھٹو کو چیلنج دیتا ہوں کہ حلقہ این اے 62 سے شیخ رشید کا الیکشن میں مقابلہ کریں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ شیخ رشید کے حوالے سے پیپلز پارٹی رہنما قادر مندوخیل کی دھمکیاں سامنے آئی ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ شیخ رشید کو سندھ لایا گیا تو ان کی نسلیں یاد رکھیں گی ۔ ہم ا س حوالے سے بھی درخواست تیار کررہے ہیں،دھمکیوں کے خلاف درخواست دیں گے ۔
شیخ راشد شفیق نے انکشاف کیا کہ شیخ رشید پر زور دیا جا رہا ہے کہ عمران خان کا ساتھ چھوڑدیں۔ وہ ایک ہی بات کہہ رہے ہیں کہ آپ کا تعلق کس جماعت سے زیادہ ہے ۔ شیخ رشید کا ایک ہی جواب ہے کہ وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔