ایئر پاور سنٹر آف ایکسیلینس جنگی تربیت کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہیں: ائیرمارشل عبدالمعید خان

ایئر پاور سنٹر آف ایکسیلینس جنگی تربیت کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہیں: ائیرمارشل عبدالمعید خان

ایک نیوز:  پاک فضائیہ کے نمبر 57 کمبیٹ کمانڈرز کورس کی گریجویشن تقریب ایئر پاور سنٹر آف ایکسیلینس میں منعقد ہوئی۔ 

رپورٹ کے مطابق مہمان خصوصی نے کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے  ائیر مارشل عبدالمعید خان کا اس موقع پر کہناتھا کہ  پاک فضائیہ میں جنگی تربیت کے معیار کو حقیقت پسندی اور ردعمل کے اعتبار سے بلند ترین معیار پر صرف اسی صورت میں برقرار رکھا جا سکتا ہے جب ہم عصرحاضر کے چیلنجز سے نا صرف آگاہ رہیں بلکہ ابھرتے ہوئے جدید تصورات کے مطابق ان کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی تیار ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ روایتی طور پر کمبیٹ کمانڈرز سکول اورموجودہ ایئر پاور سنٹر آف ایکسیلینس جنگی تربیت کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہیں۔ مہمان خصوصی نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک فضائیہ کے ایئر پاور سنٹر آف ایکسیلینس کے زیرِ سایہ تمام سکول پاک فضائیہ کے مستقبل کی جنگی قیادت کی تربیت کے لیے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

قبل ازیں مہمان خصوصی نے کورس سے فارغ التحصیل ہونے والے افسران میں سرٹیفکیٹس اور ٹرافیاں تقسیم کیں جنہوں نے یہ کٹھن اور پیشہ ورانہ طور پر مشکل کورس کامیابی سے مکمل کیا۔ ائیر مارشل عبدالمعید خان، ستارہ امتیاز (ملٹری) ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف (ایئر ڈیفنس) اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

کمبیٹ پائلٹس میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر چیف آف دی ائیر اسٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر زوہیب ارشد کو دی گئی جبکہ کمبیٹ کنٹرولرز میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پر ایئر آفیسر کمانڈنگ، ایئر ڈیفنس ٹرافی، سکواڈرن لیڈر ہارون ظفر مجوکا نے اپنے نام کی۔