ایک نیوز: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کی جس کے دوران پراسیکیوٹر عدنان اور مدعی کے وکیل محمد سلمان پیش ہوئے۔دورانِ سماعت شیخ رشید کے وکیل سردار عبد الرازق نے اپنے موکل سے ملاقات کی استدعا کر دی۔
جج عمر شبیر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید اب تو اڈیالہ جیل میں ہیں، آپ ملاقات کر لیں، اڈیالہ جیل میں جو قانون ہے اس کے مطابق چلا جائے گا۔
وکیل عبدالرزاق نے کہا کہ شیخ رشید سے آج لیگل ٹیم کو ملنا ہے، جیل سپرنٹنڈنٹ کو احکامات جاری کر دیں، انتخابات سے متعلق سابق وزیر کے اہلِ خانہ کو ان سے ملنا ہے۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسر ہائیکورٹ گیا تھا جو ابھی تک ریکارڈ لے کر کچہری نہیں آیا۔
مدعی کے وکیل کی جانب سے 2 دن کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت پر تیاری کرنی ہے جس کے لیے 2 دن درکار ہیں۔
جج عمر شبیر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ 2 دن تو نہیں لیکن 1 دن کا وقت دے دیتا ہوں۔بعدازاں عدالت نے شیخ رشید کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کل ساڑھے 12 بجے دوپہر تک ملتوی کر دی۔