ایک نیوز: تحریک انصاف کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کیلئے تحریری دعوت نامے کے مطالبے پر حکومت کی طرف سے واضح ردعمل آگیا ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس کے کنوینر وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کو جواب میں کہا ہے کہ ہم نے پرویز خٹک،اسد قیصر اور اعجاز شاہ کو ملاقات اور رابطوں پر اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ان سے کہا کہ وہ یہ دعوت نامہ عمران خان تک بھی پہنچا دیں۔
ایک نیوز سے غیر رسمی گفتگو میں ایاز صادق کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو بھی لکھ کر دعوت نامہ نہیں بھجوایا فون کیے یا ملاقات کرکے دعوت دی ۔سابق سپیکر اسد قیصر رویوں کی بات نہ کریں تو اچھا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ایف آئی اے اور نیب کے ذریعے کیا کچھ نہیں کیا۔اس وقت ملک کو یک جہتی کی ضرورت ہے جس کےلیے عمران خان تیار نہیں ۔
تحریک انصاف کی جانب سے حکومتی دعوت پر ردِعمل کا اظہار:
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ مجھے کل حکومتی نمائندوں نے فون پر زبانی اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ کانفرنس کی دعوت دینے کا یہ بلکل بھی مناسب طریقہ نہیں ہے۔ اے پی سی میں دعوت دینے کا ایک احسن طریقہ کار ہوتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ملک سنگین بحرانوں کا شکار ہے،اس وقت یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔حکومت کا رویہ غیر آئینی ہے،ایسے ماحول میں یکجہتی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔حکومت کو سب سے پہلے اپنے رویوں میں سدھار لانا ہوگا۔ہم نے اپنے دورِ حکومت میں دہشتگردی پر بہتر حکمت عملی اپنائی،امن قائم کیا۔ ہماری ہر پالیسی پاکستان کے مفاد کی پالیسی تھی۔ہم امن کے لئے اپنے تمام اختلافات بھلانے کے لئے تیار ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اپنے طرزعمل کو بہتر بنائے۔