سعودی عرب میں کثیرملکی افواج کی مشترکہ فضائی مشقوں کا آخری مرحلہ

Feb 06, 2023 | 12:01 PM

 ایک نیوز : سعودی عرب میں  کثیر ملکی افواج کی مشترکہ فضائی مشقوں "رماح النصر 2023" کے تیسرے مرحلے کا آغاز ۔ ایئر وارفیئر سینٹر میں سعودی عرب اور پاکستان سمیت آٹھ برادر اور دوست ممالک شریک ہیں۔

یہ مشقیں سعودی عرب کی شاہی فضائیہ کی شرکت کے ساتھ ہو رہی ہیں۔ مشقوں کا مقصد شریک ممالک کے درمیان مشترکہ عسکری کارروائیوں کے تصور کو مضبوط بنانا، تمام فوجی افواج اور برادر اور دوست ممالک کے درمیان اتحاد کو مستحکم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ مشقوں کے ذریعے کثیر جہتی آپریشنل ماحول میں موجودہ اور ممکنہ خطرات کا تدارک کرنے کے لیے مشترکہ آپریشنز پر عمل درآمد کرنا اور مشقوں میں حصہ لینے والے ممالک کی افواج کی عسکری کارکردگی اور جنگی تیاری کی سطح کو بھی بڑھانا ہے۔

ایئر وارفیئر سینٹر کے کمانڈر میجر جنرل خالد الحربی کے مطابق ’رماح النصر‘ مشقوں میں حصہ لینے والی افواج اور برادر اور دوست ممالک کے ساتھ فوجی تعلقات کو مضبوط بنانے، شریک افواج کے درمیان ہر سطح پر تجربات کے تبادلے اور تعاون میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مشقوں میں وسیع بین الاقوامی شرکت دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ان مشقوں میں مملکت بحرین، اردن، پاکستان، قطر، یونان، برطانیہ اور امریکا کے علاوہ سعودی عرب کی نیشنل گارڈ کی وزارت اور قومی سلامتی پریزیڈینسی، متحدہ عرب امارات، خلیجی ریاست کویت اور سلطنت عمان کی افواج بھی شرکت کریں گی۔

مزیدخبریں