ایک نیوز: عراق میں ایک باپ نے اپنی 22 سالہ یوٹیوبر بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کردیا جس کے بعد عراق بھر میں غم و غصہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق طِیبہ العلی کی باپ کے ہاتھوں موت کی تصدیق عراقی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد مان کی جانب نے کی ہے۔ ترجمان سعد مان کا کہنا تھا کہ طیبہ العلی ترکی میں مقیم تھی اور ان دنوں وہ عراق آئی ہوئی تھیں۔مذکورہ واقعہ 31 جنوری کو پیش آیا 5تھا۔ باپ اور بیٹی کے درمیان ہونے والی گفتگو کی کچھ ریکارڈنگز پولیس کو برآمد ہوئی ہیں جس سے پتا چلتا ہے کہ یوٹیوبر طیبہ کے والد اس کے ترکیہ میں اکیلے رہنے پر رضامند نہیں تھے اور ناخوش بھی تھے۔
پولیس ذرائع کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ مقتولہ یوٹیوبر طیبہ2017 میں اپنے خاندان کے ساتھ ترکیہ گئی تھیں لیکن پھر یوٹیوبر نے واپس عراق جانے سے انکار کردیا تھا اور ترکیہ میں رہنے کی خواہش ظاہر کی۔بتایا جارہا ہے کہ یہ خاندانی جھگڑا 2015 سے چلتا آرہا تھا جو اب طیبہ کی موت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔طیبہ العلی کے یوٹیوب پر بے شمار فالوورز تھے جنہوں نے طیبہ کی موت پر غصے کا اظہار کیا ہے۔
یوٹیوبر طیبہ عام زندگی میں ہونے والے کاموں کی ویڈیوز بناتی تھیں جن میں اکثر ان کے منگیتر بھی دکھائی دیتے تھے۔