اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے پر سابق بھارتی کرکٹر کیخلاف مقدمہ درج

اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے پر سابق بھارتی کرکٹر کیخلاف مقدمہ درج

ایک نیوز: سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی کیخلاف اہلیہ پر تشدد کرنےکے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی کرکٹرکے خلاف ایف آئی آرممبئی کےباندرا پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ہے۔ایف آئی آرکے متن میں کہا گیاہے کہ اپنے فلیٹ میں موجود ونود کامبلی نے شراب کے نشتے میں دھت ہوکر اپنی اہلیہ اینڈریا ہیوٹ پرفرائنگ پین سے حملہ کیا جس سے انکی اہلیہ کے سر پرچوٹ آئی ہے اس سارے واقعہ کے دوران ان کا 12 سالہ بیٹا بھی وہیں موجودتھا۔ممبئی پولیس کے مطابق سابق کرکٹرکی اہلیہ نے مقدمہ درج کروانے سے قبل بھابھا ہسپتال سے طبی بھی امداد لی۔

ونود کامبلی کی اہلیہ نے موقف اپنایا ہے کہ سمجھانے کے باوجود ونود کامبلی نے مجھ سے اوربیٹے سے بدتمیزی کی اور فرائنگ پین کے دستے سے تشدد کرنے کے بعد پھر ہماری طرف لپکے اور کرکٹ بیٹ لیکر آگئے۔

اینڈریانے پولیس کو مزید بتایا کہ ونود کامبلے کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے کے بعد وہ بیٹے کے ساتھ گھرسے نکلنے میں کامیاب ہوئیں اوراسپتال پہنچ کر مرہم پٹی کروائی۔پولیس نے سابق بھارتی کھلاڑی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 324 اور504 کے تحت مقدمہ درج کر لیاہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر1991 میں شارجہ میں پاکستان کے خلاف ڈیبیو کرنے والے ونود کامبلی 2000 تک بھارتی ٹیم میں شامل رہے۔ انہوں نے کیریئرکے دوران 104 ایک روزہ انٹرنیشنل میچزمیں 2 ہزار 477 رنز اسکورکیے۔ونود کامبلے نے 17 ٹیسٹ میچ کھیلے اور اس میں ایک ہزار 84 رنز بنائے۔