مریم نواز نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا

Dec 06, 2024 | 14:55 PM

ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔

صوبائی سیکرٹری انرجی نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے صارفین آج سے ہی ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل پر گھر بیٹھے مفت سولر پینل کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں، سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا، 100یونٹ ماہانہ بجلی صرف کرنے والے 52 ہزار 19صارفین کو 550 واٹ کا مفت سولر سسٹم دیا جائے گا، 200 یونٹ تک ماہانہ بجلی صرف کرنے والے صارفین کو 1100 واٹ کا سولر سسٹم مفت ملے گا۔

سیکرٹری انرجی نے بتایا کہ پنجاب کے بجلی صارفین فری سولر پینل سکیم کیلئے  8800 پرایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، سی ایم فری سولر پینل سکیم کی رجسٹریشن کیلئے پورٹل "cmsolarscheme.punjab.gov.pk" پر آن لائن بھی اپلائی کیاجاسکتاہے، صارفین کے ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبر سے ویری فکیشن کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کو بتایا گیا کہ سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم میں شفافیت کیلئے  کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی، مفت سولر پینل حاصل کرنیوالے  صارفین کی معاونت اور رہنمائی کیلئے  ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی، سولر پینل اور انورٹر کو چوری سے بچانے کیلئے  صارف کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک لاکھ سولر سسٹم انسٹال کرنے سے 57 ہزار ٹن کاربن کا اخراج کم ہو گا، فری سولر پینل سکیم سے وفاقی حکومت پر بھی سبسڈی کا بوجھ کم ہو گا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ فری سولر پینل سکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف دینا ہے، فی یونٹ 14 روپے سبسڈی سے پنجاب کے 73 لاکھ صارفین مستفید ہوئے، صوبے کے وسائل عوام کی سہولت اور ریلیف کیلئے  ہی خرچ ہوں گے۔ 

مزیدخبریں