ایک نیوز:کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ رہائشی فلیٹوں تک پہنچ گئی، واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی سینٹرل کاکہنا ہے کہ آگ بیڈ میٹریس کی دکان میں لگی، آگ نے قریبی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لےلیا، تیزی سے پھیلنے والی آگ 7 منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزلوں تک پہنچ گئی۔ابتدائی طورپر متاثرہ عمارت کے مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو فلیٹوں سے نکالا۔
آگ لگنے کے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق 12 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل اور ایک باؤزر نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت سے 2 افراد کو جھلسی ہوئی حالت میں نکالا گیا ، آگ سے جھلسنے والا ایک زخمی برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ سے جھلسنے والے 3 افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔
عباسی شہید اسپتال حکام کے مطابق جاں بحق تینوں افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔
ایک متاثرہ دکاندار نے بتایا کہ دکان میں سلنڈر لیک ہوا اس میں آگ لگ گئی اور وہ دھماکے سے پھٹ گیا، آگ پھیل کر فرنیچر کی دکانوں تک پہنچ گئی جہاں موجود فوم کے گدوں سے آگ مزید بھڑک اٹھی، آگ متاثرہ دکانوں کے اوپر7 منزلہ رہائشی عمارت کی بالائی منزلوں تک پہنچ گئی اور ہر طرف دھواں پھیل چکا ہے۔
ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ عمارت میں 250 سے زائد دکانیں اور تقریباً 450 رہائشی فلیٹ ہیں۔ آگ مارکیٹ کی پہلی گلی میں لگی، جہاں کپڑے کی دکان ہے، جس دکان میں آگ لگی اس کا دکاندار جھلس کر زخمی ہوا۔
نگران وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرمقبول باقرنے آتشزدگی واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی
نگران وزیراعلیٰ مقبول باقر کاکہنا ہے کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پایا جائے تاکہ کوئی بڑا نقصان نہ ہو؛لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقام تک پہنچایا جائے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عائشہ منزل پر فرنیچر کی دکان اور بلڈنگ میں آگ لگنےکا نوٹس لے لیا۔گورنر سندھ نے بلڈنگ کے اندر موجود افراد کا بحفاظت انخلا یقینی بنانےکی ہدایت کی۔
ڈائریکٹر ریسکیو 1122 نے آگ کو تیسرے درجےکی قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ آگ نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
ریسکیو 1122 حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 300 سے زائد افراد کو نکالا گیا ہے، خدشہ ہےکہ متاثرہ عمارت کسی بھی وقت گرسکتی ہے۔