ویب ڈیسک :چودھری پرویز الٰہی کو پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی صدر بنادیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔جس کے مطابق چودھری پرویز الٰہی کو تحریک انصاف کے مرکزی صدر کے عہدے کا چارج دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی گزشتہ چند ماہ سے جیل میں ہیں، ان کے خلاف کرپشن سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں جب کہ ان کے بیٹے مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے بھی ایف آئی اے نے انٹرپول حکام سے رابطہ کیا ہے۔
دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی عدالتی حکم کے باوجود گرفتاری کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کے وارنٹ بحال رکھے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد کو تحریری حکم کی کاپی ارسال کی جائے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد اس معاملے پر عدالتی معاونت کے لیے کوئی افسر مقرر کرے۔
عدالت نے حکم میں لکھا ہے شک ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کو دائرہ اختیار کا غلط مشورہ دیا گیا، آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کے بار بار وارنٹ گرفتاری اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔
عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں افسران عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی کوئی جواب دیا، عدالت مزید سماعت 18 دسمبر کو کرے گی۔