سندھ ہمارے پاس آیا تو لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، مصطفیٰ کمال

سندھ ہمارے پاس آیا تو لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، مصطفیٰ کمال
کیپشن: If Sindh comes to us, the guarantees of PPP in Larkana will be confiscated, Mustafa Kamal

ایک نیوز: ایم کیو ایم کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ ان کے پاس آیا تو اپنے کام سے مخالفین کو جواب دیں گے۔ لاڑکانہ تک میں پیپلزپارٹی کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔

ایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور القریش برادری لازم و ملزوم ہیں۔ آج سے پہلے کراچی دنیا کے تیز ترین ترقی کرتے ہوئے شہروں میں شامل تھا۔ آج دنیا کے بدترین شہروں میں اس کا شمار ہوتا ہے۔ انسانوں کے رہنے کے اچھے اور برے شہروں کی رینکنگ پوری دنیا میں ہوتی ہے۔ کراچی کا شمار دنیا کے چار بدترین شہروں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی خودمختاری کے نام پر 15 سالوں تک کراچی کے حقوق کو سلب کیا گیا۔ اس متعصب صوبائی حکومت نے شہر کو کوئی میگا پروجیکٹ نہیں دیا۔ ہمارے دور کے میگا پراجیکٹس سے آج یہ شہر چل رہا ہے۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ ہم نے یہ طے کیا ہے کہ ہم اب کسی کو ہمارے ووٹوں کی ضرورت ہو تو وہ ہمیں اختیارات و وسائل دے۔ اس کے لئے ان حقوق کا آئینی تحفظ ضروری ہے۔  اس سے اختیارات و وسائل جو وزیر اعلی ہاوس میں پارک ہو گئے ہیں وہ گلی محلوں میں آجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں حکمرانوں سے آئینی اختیارات چائیں۔ جو بھی وفاقی حکومت آئے گی ہمارے مطالبات یہ ہوں گے۔ پھر ہمارے عوام کو اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لئے سرکاری دفاتر کے چکر نہیں کاٹنے ہوں گے۔ عوام مقامی حکومت کے نمائندوں کا احتساب کر سکتے ہیں صوبائی منسٹر عوام کی دسترس سے باہر ہے۔ ہم مقامی حکومت  کے نمائندوں کو با اختیار بنانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے سندھ میں ایک یونین کونسل نہیں ہے جسے ماڈل یوسی کہا جاسکے۔ آج بلاول لاہور میں کھڑے ہوکر یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہمیں ووٹ دو ہم لاہور کو کراچی بنا دیں گے۔ پیپلز پارٹی والوں نے پورے سندھ کے شہروں کا بیڑہ غرق کردیا۔ دنیا چاند پر جارہی ہے اور ہمارے بچے کتے کے کاٹنے سے مر رہے ہیں۔ ایک دفعہ سندھ ہمارے پاس آیا تو لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ ہم اپنے کاموں سے مخالفین کی منفی سیاست کو دفن کر دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ آج لیاری سمیت بابا اور بھٹ آئی لینڈ میں پانی ایم کیو ایم کی وجہ سے پہنچ پارہا ہے۔ ایم کیو ایم منظم اور متحد ہے آنے والا وقت ہمارا ہے۔ آج سہراب گوٹھ کا پختون، لیاری کا بلوچ، کیماڑی کا ہزاروال ایم کیو ایم کا پرچم تھامے کھڑا ہے۔ سہراب گوٹھ سے کیماڑی گھگر پھاٹک سے بلدیہ تک ایم کیو ایم کا پرچم موجود ہے۔