ایک نیوز: سرگودھا کی رہائشی گھریلو تشدد کا شکار بننے والی رضوانہ کو جنرل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ کمسن گھریلو ملازمہ کو صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے ہسپتال سے رخصت کیا۔
تفصیلات کے مطابق گھریلو تشدد کا شکار رضوانہ جنرل ہسپتال میں 5 ماہ زیر علاج رہنے کے بعد مکمل صحت یاب ہوگئی۔ صوبائی وزیر صحت پروفیسر جاوید اکرم نے کمسن رضوانہ سے ملاقات کی اور صحت یابی پر رضوانہ کے والدین کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز نے بچی کے علاج معالجہ پر دن رات توجہ دی۔ رضوانہ اب مکمل صحت مند ہے۔
چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے جنرل ہسپتال میں کمسن رضوانہ سے ملاقات کی اور رضوانہ کی دیکھ بھال اور تعلیم کی ذمہ داری اٹھا لی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رضوانہ ہماری بیٹی ہے۔ رضوانہ کی دیکھ بھال اور تعلیم کے اخراجات چائلڈ پروٹیکشن بیورو برداشت کرے گا۔
رضوانہ کو جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملہ نے نیک خواہشات کے ساتھ رخصت کیا۔
یاد رہے کہ سرگودھا سے رضوانہ کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا رضوانہ کے جسم پر سات کے قریب فریکچر اور زخموں کے نشانات تھے۔ رضوانہ پانچ ماہ جنرل ہسپتال میں زیر علاج رہی۔