ایک نیوز: افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے میجر شبیر شریف شہید، نشان حیدر کے 52ویں یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 1971 کی پاک بھارت جنگ کے دوران، میجر شبیر شریف کو سلیمانکی ہیڈ ورکس کے قریب ایک بلند جگہ پر قبضہ کرنے کا حکم دیا گیا۔
اس پوزیشن کا دفاع ہندوستانی انفنٹری کر رہی تھی جسے ٹینکوں کے ایک سکواڈرن کی حمایت حاصل تھی۔ اس محاذ پرمیجر شبیر شریف نے43بھارتی فوجیوں کو ہلاک جبکہ4ٹینکوں کو تباہ کر کے علاقے پر قبضہ کر لیا۔
میجر شبیر شریف اور ان کے ساتھیوں نے دشمن کی دو بٹالین کے جوابی حملوں کو بھی پسپا کیا۔ میجر شبیر شریف کی جرأت اوربہادری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ تعداد نہیں بلکہ ایمان، لگن اور ہمت قوموں کو فتح سے ہمکنار کرتی ہے۔
بِلا شُبہ میجر شبیر شریف شہید کا یومِ شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے۔ پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی۔ بِلاشُبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں۔ پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔