ایک نیوز نیوز:صدرمملکت عارف علوی کاکہنا ہے کہ دنیا بھر کی مساجد میں مناسب اسلامی لباس اور سر ڈھانپ کر خواتین کو نماز پڑھنے کی اجازت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر عارف علوی نے فیصل مسجد میں خواتین کی نماز پر پابندی ، صفائی کی ناقص صورتحال کی رپورٹ کا نوٹس لیا۔عارف علوی کاکہنا تھا کہ دنیا بھر کی مساجد میں مناسب اسلامی لباس اور سر ڈھانپ کر خواتین کو نماز پڑھنے کی اجازت ہے۔فیصل مسجد مذہبی اور سیاحتی اہمیت کی حامل ہے لیکن مرکزی ہال میں نہ تو خواتین کیلئے نماز کی علیحدہ جگہ ہے نہ ہی اس میں داخلے کی اجازت ہے۔ضعیف اور بیمار خواتین کو لفٹ نہ ہونے کی وجہ سے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صدر مملکت نے سوال کیا کہ ان پابندیوں کا سامنا کرتے ہوئے خواتین اپنی نماز کیسے ادا کر پائیں گی؟ ،
مسجد میں خواتین کے نماز پڑھنے پر پابندی، صفائی اور دیکھ بھال کی ناقص صورتحال اور مسجد کے احاطے میں بھکاریوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی ۔صدرمملکت عارف علوی کاکہنا تھا کہ میری رائے میں خواتین کو مرکزی ہال میں مخصوص جگہ پر نماز ادا کرنے کی اجازت ہونی چاہیے ۔خواتین کو اس عظیم مسجد کی تعمیراتی خوبصورتی کو سراہنے کیلئے مرکزی ہال میں جانے کی بھی اجازت ہونی چاہیے۔میری یہ رائے حرمین شریفین سمیت پوری دنیا کے مشاہدے پر مبنی ہے۔سی ڈی اے نے ایوان ِ صدر کو اپنی رپورٹ میں بتایا کہ صورتحال کی بہتری کیلئے اقدامات شروع کیے ہیں۔دعوۃ اکیڈمی کی پالیسی کے تحت صرف ایک گیلری خواتین کے لیے مختص ہے ، مرکزی ہال میں خواتین کو داخلے کی اجازت نہیں ۔صدر مملکت نے خواہش ظاہر کی ہے کہ فیصل مسجد کے منتظم ان مسائل پر مزید وضاحت کریں۔