ایک نیوز نیوز: الیکشن کمیشن نے تمام اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو اپنے اثاثے اور گوشوارے رواں ماہ کی 31 تاریخ تک جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ واجبات کے گوشواروں میں شریکِ حیات اور زیرِ کفالت افراد کے گوشوارے بھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مقررہ مدت میں اثاثوں اور واجبات کے مطلوبہ گوشوارے جمع کرانے میں ناکام اراکین کے نام آئندہ ماہ کی پہلی تاریخ کو شائع کردیے جائیں گے۔ کمیشن نے جن اراکین کو تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا ہے ان میں وفاقی و صوبائی وزراء بھی شامل ہیں۔
کمیشن کے حکم کے مطابق چیئرمین سینیٹ، قومی و صوبائی اسمبلی کے اسپیکرز اور تمام اراکین کو بھی اپنے اثاثے اور واجبات کے گوشوارے 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن میں جمع کرانے ہوں گے، جن کی تفصیلات پبلک کردی جائیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات سے متعلق بیان جاری کرنے پر ترجمان کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایات جاری کردیں۔
ذرائع کا گزشتہ ماہ کہنا تھا کہ ترجمان کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے جانے پر چیف الیکشن کمشنر نے ترجمان ہارون شنواری کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایات جاری کیں۔