اسلام آباد: سینٹورس مال کو سیل کرنے کیخلاف تاجربرادری سراپا احتجاج

Dec 06, 2022 | 12:55 PM

ایک نیوز نیوز: اسلام آباد میں سینٹورس مال کو سیل کرنے کے معاملے میں تاجر برادری سراپا احتجاج ہے۔ مظاہرین کی جانب سے جناح ایونیو جانے والی سڑک کو بند کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کو جانے والی سڑک مکمل بلاک کردی گئی۔ اس حوالے سے آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رات کے اندھیرے میں سینٹورس مال سیل کرنا انتقامی کاروائی ہے۔ سیاسی انتقام لینے کے لئے روزگار بند کردینا نامناسب طریقہ ہے۔ مال سیل کرنے کا مشورہ دینے والوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ 

انہوں نے کہا کہ سینٹورس مال کو سیل کرنا انتقامی کاروائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تاجر برادری کو سیاسی انتقام کا نشانہ کسی صورت نہیں بننے دیں گے۔ سینٹورس مال سے سینکڑوں تاجروں کا کاروبار وابستہ ہے۔ سینٹورس مال کی بندش سے ہزاروں ملازمین بے روزگار ہو جائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ سینٹورس مال میں سینکڑوں لوگ رہائش پذیر بھی ہیں۔ اسلام آباد کی تاجر برادری سینٹورس مال کے تاجروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مال کو فوری ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کرے۔ سینٹورس مال کو ڈی سیل نہ کیا گیا تو جناح ایونیو بند کر دیں گے۔

مزیدخبریں