توشہ خانہ تحائف پر پروپیگنڈا، عمران خان کا 'جیو' ٹی وی کیخلاف کارروائی کا آغاز

Dec 06, 2022 | 11:18 AM

ایک نیوز نیوز: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے جیو ٹی وی کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر توشہ خانے کے تحائف سے متعلق دعوؤں کے جواب میں پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے خلاف لندن میں قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں عمران خان نے لکھا ہے کہ “میری ہدایات پر لندن میں جیو ٹی وی لمیٹیڈ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا ہے۔ میرےوکلاء نےیہ نوٹس ’پری ایکشن پروٹوکول فار میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کلیمز‘ کےتحت بھیجاہے۔’

عمران خان کے مطابق دعویٰ کا باضابطہ خط آج لندن میں جیو ٹی وی لمیٹڈ کو بھیج دیا گیا ہے اوران کے پاس جواب دینے کے لیے 14 روزکی مہلت ہے۔

یاد رہے کہ 15 نومبر کو جیو ٹی وی کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں پاکستانی نژاد اماراتی بزنس مین عمرفاروق نے عمران خان کی جانب سے بیچے گئے تحائف کا خریدار ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی سابق وزیراعظم کے سابق مشیراحتساب شہزاد اکبر سے ملاقات رہتی تھی جنہوں نے کال کرکے منفرد گھڑی فروخت کے لیے پیش کی۔

عمرفاروق کے مطابق ان کی جانب سے حامی بھرنے کے بعد بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی یہ تحفہ لیکردبئی پہنچیں، گھڑی کی تصدیق کیلئے گراف کی دکان پرگیا جہاں دکان والے نے بتایا کہ قیمتی گھڑی سیٹ کی قیمت 10 سے 15 ملین ڈالرز ہے کیونکہ یہ دنیا میں واحد ہے۔ پاکستانی بزنس مین نے یہ گھڑی 2 ملین ڈالرز میں خریدی۔

عمران خان نے اس حوالے سے دیے گئے ردعمل میں اگلے روز ٹوئٹرپراپنے پیغام میں لکھا تھا، “ بس بہت ہوگیا“۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ جیو اور شاہ زیب خانزادہ نے ہینڈلرزکے تعاون سے ایک جانے پہچانے فراڈیے اور بین الاقوامی مطلوب مجرم کی طرف سے تیار کی گئی بے بنیاد کہانی کی بنیاد پرمجھ پربہتان لگایا۔

مزیدخبریں