اسلام آباد: سینٹورس مال خاردار تاریں لگاکر سیل، بھاری نفری تعینات

Dec 06, 2022 | 10:34 AM

ایک نیوز نیوز: وزیراعظم آزاد کشمیر سردارتنویر الیاس کو وزیراعظم شہباز شریف سے الجھنا مہنگا پڑگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سینٹورس مال کو سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے سیل کردیا ہے۔ ذرائع سی ڈی اے کے مطابق سینٹورس مال انتظامیہ کو 6 بار نوٹس جاری کیے گئے جس کے بعد پلازہ سیل کردیا گیا ہے۔ 

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق متعدد بار نوٹسز کے باوجود عمارت کے غیرموافق استعمال پر سی ڈی اے قوائد کی خلاف ورزیاں جاری رہیں۔  

ترجمان کے مطابق سینٹورس مال انتظامیہ کو پہلا نوٹس 7مارچ 2014 کو جاری کیا گیا دوسرا نوٹس 25 اکتوبر2019 کو اور تیسرا نوٹس 28دسمبر 2020 کو جاری کیا گیا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ چوتھا نوٹس 31مارچ 2021 جبکہ پانچواں نوٹس 11 اکتوبر2021 اور چھٹا نوٹس 23 نومبر 2022 کو جاری کیا گیا۔ مسلسل نوٹسز کے باجود سینٹورس مال انتظامیہ نے تعمیل نہیں کی۔

سینٹورس مال کو سیل کرنے پر سی ڈی اے نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ مسلسل عمارت کے خلاف قوانین استعمال پر مال کو سیل کیا گیا۔ سینٹورس مال میں آتشزدگی کے بعد بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی نہ بنایا جاسکا۔ سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول اور فائر سیفٹی کے نوٹسز کے باوجود حفاظتی اقدامات نہ اٹھائے گئے۔ آگ سے عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ نہیں کیا گیا۔ 

ترجمان سی ڈی اے کے مطابق عمل در آمد نہ کرنے پر سی ڈی اے نے رات گئے سینٹورس مال سیل کر دیا۔

دوسری جانب صدر انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی تاجر برادری سینٹورس مال کے تاجروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 

یاد رہے کہ اسلام آباد میں قائم سینٹورس مال وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی ملکیت ہے۔ 

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بھی اپنی ٹویٹ میں اس معاملے کو سیاسی مخاصمت قراردیا۔اپنی ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ سینٹورس مال کو سیل کرنا وزیراعظم آزاد کشمیرکی جانب سے کشمیریوں کی قربانیوں کاذکر نہ کرنے پرشہباز شریف کی سرزنش کرنے کے جواب میں ہے۔

 
 

مزیدخبریں