نیمار، مایہ ناز فٹبالر پیلے سے ایک اہم اعزاز چھیننے کے قریب

Dec 06, 2022 | 09:11 AM

ایک نیوز نیوز: برازیلین فٹبال ٹیم کے کپتان نیمار جونیئر لیجنڈری فٹبالر پیلے سے اہم اعزاز چھیننے کے قریب پہنچ گئے۔

قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ کے ناک آؤٹ میچ میں برازیل جنوبی کوریا کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا۔

پری کوارٹر فائنل میچ میں برازیل نے جنوبی کوریا کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے ہرایا، برازیل کی جانب سے ونی جونیئر، نیمار، رچرلیسن اور لوکاس نے گول کیا جبکہ جنوبی کوریا کا واحد گول پائک سیونگ نے اسکور کیا۔

کوریا کے خلاف ایک گول کرنے کے بعد نیمار برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا پیلے کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے۔

لیجنڈ پیلے نے برازیل کی جانب سے کھیلتے ہوئے 91 میچز میں77 گول کیے جبکہ نیمار کے گولز کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

نیمار نے برازیل کی نمائندگی کرتے ہوئے 123 میچز میں 76 گول کیے، امید کی جارہی ہے نیمار رواں ورلڈکپ میں ہی پیلے کا ریکارڈ یا تو برابر کردیں گے یا وہ انہیں پیچھے چھوڑتے ہوئے برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔

نیمار بھلے ہی ورلڈکپ میں پیلے کا ریکارڈ برابر یہ نہ توڑ پائے لیکن مستقبل میں وہ برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن ہی جائیں گے۔

خیال رہے کہ برازیل سے تعلق رکھنے والے دنیا کے اب تک کے عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈکپ 1958، 1962 اور 1970 جیت چکے ہیں، 1977 میں ریٹائر ہونے والے پیلے کو برازیل کا اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔   

مزیدخبریں