ایک نیوز:بھارت میں ہونے والے پاکستان انگلینڈ کرکٹ میچ کیلئے بھارتی سکیورٹی ادارے سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پریشان ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کرکٹ میچ12 نومبر کو کلکتہ میں شیڈول ہے جس کیلئے کلکتہ پولیس مکمل سکیورٹی دینے سے قاصر ہے۔
کلکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ 12 نومبر کو کالی پوجا کی وجہ سے میچ کیلئے سکیورٹی فراہم کرنے میں مسئلہ ہوگا اس لیے میچ کو ری شیڈول کیا جائے، اس حوالے سےکلکتہ پولیس نےکرکٹ ایسوسی ایشن بنگال سےبھی رابطہ کیا ہے۔
کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے صدر کا کہنا ہے کہ ہمیں میچ ری شیڈول کرنے کے بارے میں باضابطہ طور پر نہیں کیا گیا۔
اس حوالےسے بھارتی صحافی کاکہناہے کہ کلکتہ پولیس نے گزشتہ روز کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال سے رابطہ کیا تھا، اس حوالے سے کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے آج بی سی سی آئی سے درخواست کی ہے۔
بھارتی صحافی کے مطابق کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال نے میچ ایک روز قبل 11 نومبر کو کرانے کی سفارش کی ہے، بی سی سی آئی انٹر نیشنل کرکٹ کونسل سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرےگا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق اگر کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کی بات مان لی گئی تو میچ ایک روز قبل کردیا جائےگا اور11 نومبر کو ورلڈکپ میں ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا اور آئی سی سی ورلڈ کپ کا تبدیل شدہ شیڈول منگل تک جاری کرے گا۔
خیال رہے کہ احمد آباد پولیس نے بھی نوراتری کی وجہ سے15 اکتوبر کو پاک بھارت میچ میں سکیورٹی سے معذوری ظاہر کی تھی جبکہ بی سی سی آئی پہلے ہی ورلڈ کپ شیڈول میں تبدیلی کا کہہ چکا ہے۔