ایک نیوز : ترک صدر رجب طیب اردگان کی صدارت میں ہونے والے سپریم ملٹری کونسل کے حالیہ اجلاس میں متعدد ترک فوجی کمانڈروں کو تبدیل کر دیا گیا ہے ۔اجلاس میں جنرل متین گورک کو ترک فوج کا چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کر دیا گیا ہے۔
جنرل گورک اس سے قبل فوج کے نائب کمانڈر تھے، وہ فوج کے جنرل اسٹاف کے سربراہ اور بری افواج کے کمانڈر جنرل موسیٰ اویسور کی جگہ لے رہے ہیں، جو ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچ چکے ہیں۔
ترک فوج کی زمینی اور فضائی افواج کے کمانڈر تبدیل کر دیے گئے ہیں لیکن بحریہ کے کمانڈر کو ان کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔ جنرل سیلجوک بیرکتار اوغلو کوبری افواج کا کمانڈر اور ضیا جمال غازی اوغلو کو فوج کی فضائیہ کا کمانڈر مقرر کیا گیا، تاہم بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل ارجمند تتلی اوگلو کو اس عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔
ان تبدیلیوں سے ترکیہ فوج کے جنرلز اور ایڈمرلز کی تعداد 266 سے بڑھ کر 286 ہو جائے گی۔ سرکاری گزٹ میں شائع ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق 32 جرنیلوں اور ایڈمرلز کو اعلیٰ عہدوں جبکہ 63 کرنل کو جنرلز اور ایڈمرلز کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ 24 جرنیلوں اور ایڈمرلز کی مدت ملازمت میں ایک سال اور 365 کرنلزکی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع کی گئی ہے۔