پی ٹی آئی کا مبینہ فرنٹ مین کون؟ مریم اورنگزیب نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا

پی ٹی آئی ،مبینہ فرنٹ مین ،مریم اورنگزیب ،نیا پینڈورا باکس
کیپشن: مریم اورنگزیب، فائل فوٹو

ایک نیوز نیوز: مریم اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کرنا جرم ہے، عمران خان نے جرم کیا جو ثابت ہوگیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ ہے، عمران خان فارن ایجنٹ ہیں،تحریک انصاف فارن ایڈڈ پارٹی ثابت ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان نے جانتے بوجھتے ہوئے یہ کیا، اب یہ تکنیکی وجوہات بیان کررہے ہیں، عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں، یہ تکنیکی معاملہ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ پانچ بیان حلفی عمران خان نے جمع کروائے ، کہتے ہیں مجھے معلوم ہی نہیں، عمران خان قوم کو مزید گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسٹیٹ بینک نے جو  ریکارڈ الیکشن کمیشن میں دیا اس کے خلاف بھی اپیل کی۔

ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا سے متعلق منفی مہم پر مریم اورنگزیب  کا کہنا تھاکہ لسبیلہ میں فوجی افسران کی شہادت پر پی ٹی آئی نے ٹرولنگ کی، ایک جماعت کا مائنڈ سیٹ ہی ٹرولنگ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے شہدا کے خلاف رویے سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے، افواج پاکستان کے یہ شہدا لوگوں کی مدد کر رہے تھے، اس قسم کی نفرت ، اشتعال انگیزی اور جھوٹ پر مبنی رویہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے دوران پریس کانفرنس تحریک انصاف کے مبینہ فرنٹ مین کی تصاویر بھی میڈیا سے شیئر کردیں۔