فارن فنڈنگ کیس: ایف آئی اے کا اہم پی ٹی آئی رہنماؤں سے پوچھ گچھ کا فیصلہ

Aug 06, 2022 | 19:14 PM

ایک نیوز نیوز: پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں نئی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ جہاں ایف آئی اے کراچی کی ٹیم نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ٹیم نے بینک سے ریکارڈ کی دستیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت سے نائن سی کی اجازت ملنے کے بعد اسٹیٹ بینک اور سولہ نجی بینکوں سے ریکارڈ طلب کیا جائے گا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلےمرحلے میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق ایم این اے نجیب ہارون اور ایم پی اے سیما ضیاء سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ تینوں رہنماؤں کو یوم عاشور کے بعد طلبی کے نوٹس دیے جائیں گے۔

ایف آئی اے کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں رہنماؤں کے بینک ریکارڈ سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کا سراغ ملا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے بینکوں سے پندرہ پی ٹی آئی رہنماؤں اور ان کے اہلخانہ کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرے گی۔

تفصیلات کے بعد فارن فنڈنگ کے حوالے سے شواہد کو دیکھا جائے گا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کے الیکٹرک یا ابراج گروپ کے اکاؤنٹس کی بھی چھان بین کی جائے گی۔ 

مزیدخبریں