ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا۔ جس میں محرم الحرام کے حوالے سے فول پروف سیکیورٹی پلان کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب بھر میں 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل سروس بند رہے گی۔ اس کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی اپنے متعلقہ اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ اس کے علاوہ یوم عاشور پر ضلعی سطح پر قیام امن کے لیے میٹنگز کے انعقاد اور تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پرویزالہٰی نے ہدایت کی کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ضلعی اور ڈویژنل امن کمیٹیاں اپنا کردار ادا کریں۔ نفرت انگیز مواد یا اشتعال انگیز تقاریر پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے صوبے کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے خصوصی امدادی پیکیج پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ فصلوں اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا جلد ازالہ کیا جائے گا-
پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کی از سر نو تشکیل کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ برائے قانونی امور کی ازسرنو کی تشکیل کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیرپبلک پراسیکیوشن و کوآپریٹو راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
پنجاب کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزیرپبلک پراسیکیوشن و کوآپریٹو راجہ بشارت کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔
کابینہ اجلاس میں بلوچستان میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔
پنجاب کابینہ نے شہید ہونے والے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجرجنرل امجد حنیف، بریگیڈئیر محمد خالد،میجر سعیداحمد، میجر طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کابینہ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔