ندا ڈار پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر

Apr 06, 2023 | 21:34 PM

ایک نیوز :پی سی بی نے ندا ڈار کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر کر دیا۔
تفصیلاتکےمطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اہم تقرریوں کی منظوری دی ہے جس کے مطابق مارک کولز کو ہیڈ کوچ جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم جعفر کو ویمن سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہےجبکہ انکے ساتھ کمیٹی میں اسماویہ اقبال، مرینہ اقبال اور محتشم راشد بھی شامل ہوں گے۔
سلیم جعفر ویمن ٹیم کے بولنگ کوچ کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دیں گے جبکہ توفیق عمر کو بیٹنگ کوچ اور محتشم راشد کو فیلڈنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے نئے تقرریوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ندا ڈار ایک تجربہ کار کھلاڑی ہے جبکہ مارک کولز کا خواتین کی کرکٹ کوچنگ میں اچھا ٹریک ریکارڈ ہے اور سلیم جعفر بین الاقوامی تجربے سے مالا مال ہیں، ان تینوں کا امتزاج ہماری خواتین پلیئرز کو اعلیٰ معیار کا بین الاقوامی کرکٹر بننے میں مدد دے گا۔نجم سیٹھی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ندا ڈار کی کپتانی، مارک اور سلیم جعفر کی رہنمائی میں پاکستان ویمن ٹیم کامیابی کی منازل طے کرے گی۔

دوسری طرف ندا ڈار نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم کی کپتانی کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہوگی، پی سی بی کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے مجھے کپتانی جیسی اہم ذمہ داری سونپی۔ سابق کپتان بسمہ معروف بھی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے بہترین کپتانی کی، کپتان ہونے کے ناطے میرا پہلا کام یہ ہوگا نوجوان کھلاڑیوں کو ساتھ لے کر چلوں۔

پاکستان ویمن ٹیم 2023 اگست ستمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کھیلے گی، جنوبی افریقہ کے ساتھ قومی ویمن ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔

اکتوبر اور نومبر 2023 میں قومی ویمن ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، بنگلہ دیش کے خلاف قومی ویمن ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، نومبر اور دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف قومی ویمن ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔

فروری 2024 میں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ جولائی 2024 میں قومی ویمن ٹیم انگلینڈ کا دورہ کرے گی، انگلینڈ دورہ میں قومی ویمن ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔
 

مزیدخبریں