پی ٹی آئی انتخابات کی مدت میں توسیع کیلئے آئینی ترمیم کرنے کو تیار ہے: اسد قیصر

پی ٹی آئی انتخابات کی مدت میں توسیع کیلئے آئینی ترمیم کرنے کو تیار ہے: اسد قیصر

ایک نیوز: پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی سطح پر پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کرے۔

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر  کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ عوامی سطح پر پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کرے اور اسکے ساتھ ہی انہوں نے اپنی پارٹی کی جانب سے قانون کے تحت انتخابی شیڈول میں 90 روز کی مدت سے زیادہ کی ترمیم کے لیے آئینی ترامیم پر غور کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

اسد قیصر  کا کہناہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ایک ساتھ بیٹھے تو ہم آئینی ترمیم کے لیے بھی تیار ہیں اگرانتخابات کو 90 روز سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے تو ہم مزید کیا لچک پیش کر سکتے ہیں؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ باضابطہ طور پر مذاکرات کے لیے اقدام کرے اور شہباز شریف اعلان کریں کہ وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں پھر ہم مل بیٹھ کر معاملات طے کریں گے۔ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ سیاسی رہنما بات چیت کریں۔

واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی زیر قیادت اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا امکان دو ہفتے قبل اس وقت سامنے آیاتھا جب وزیراعظم شہباز شریف اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان دونوں نے مذاکرات کے حوالے سے اپنے مؤقف میں کچھ لچک دکھائی۔