ایک نیوز: جتوئی میں مفت آٹا نہ ملا موت مل گئی ، آٹا پوائنٹ پر ایک اور شخص دل کا دورہِ پڑنے کے باعث جانبحق ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق جتوئی میں مفت آٹا نے ایک اور جان لے لی ۔ نجی میرج ہال سرکاری مفت آٹا پوائنٹ پر 55 سالہ شخص آٹا لینے آیا مگر موت لے گیا ۔ بشیر نامی شخص آٹا لینے آیا تو اسے دل کا دورہ پڑ گیا ۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق بشیر نامی شخص کو مفت آٹا پوائنٹ سے ریسکیو نے ٹی ایچ ہسپتال منتقل کیا جس کے بعد بشیر نامی شخص کی حالت تشویشناک ہونے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال مظفرگڑھ ریفر کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا اور جان کی بازی ہار گیا۔ 55 سالہ بشیر احمد کوٹلہ رحم علی شاہ کا رہائشی تھا۔
واضح رہے کہ خیرپورٹامیوالی میں 34سالہ صفدر نامی شخص اہل خانہ کے ہمراہ مفت آٹا لینے آیا تھا جہاں اسکی ہارٹ اٹیک سے موت ہوگئی تھی ۔ اسسٹنٹ کمشنر گل عباس کا کہنا ہے کہ صفدر نامی شخص آٹا لے کر بائیک پر بیٹھتے ہوئے جانبحق ہوا تھا۔