ایک نیوز: اے این ایف نے منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اے این ایف نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ فلائٹ نمبر ER 703 سے شارجہ جانے والےمُلزم کے پیٹ سے 49 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے ہیں جس میں سرگودھا کےرہائشی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اے این ایف نے اسلام آباد سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کار سے 36 کلو چرس برآمد کی ہے،برآمدشُدہ چرس کو کار کے سپیڈ میٹر اور پچھلی سیٹ میں خانے بنا کر سمگل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ جس میں خیبر کے رہائشی 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اے این ایف نے جہلم ترکئی ٹول پلازہ جی ٹی روڈ کے قریب چارسدہ کے رہائشی ملزم سے 2 کلو چرس برآمد کی ہے۔ برآمدشدہ چرس کو مہارت سے ڈرل مشین میں چھپایا گیا تھا۔دینہ منگلا بائی پاس کے قریب نارووال کے رہائشی ملزم سے بھی 75 گرام آئس اور 64 گرام ہیروئین برآمد کی ہے،ملزم نے منشیات اپنے جوتوں میں چھپائی ہوئی تھی۔
کوئٹہ کچلاک بائی پاس کے قریب کاروائی کرتے ہوئے اے این ایف نے کار سے 498 کلو چرس برآمد کی ہے جس میں قلع عبداللّہ کا رہائشی ملزم گرفتار ہوا ہے۔حب ویسٹرن بائی پاس کے قریب کاروائی کرتے ہوئے 4 کلو 800 گرام آئس برآمد کی گئی ہے۔ گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔