پاکستان نے عالمی بینک کی ایک اور شرط پوری کردی

Apr 06, 2023 | 10:48 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: پاکستان نے عالمی بینک سے 450 ملین ڈالر کے قرض کے حصول کے لئے مزید ایک شرط پوری کر دی، جس کے نتیجے میں عالمی بینک کی جانب سے قرض کی منظوری کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔وزیر خزانہ اسحق ڈار عالمی بینک کے صدر کو قرض اجرا کی منظوری کیلئے بورڈ میٹنگ پر آمادہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹیکس کونسل کی جانب سے صوبوں اور وفاق کے درمیان سروسز پر ٹیکس وصولی کی حدود کے تعین کے قواعد کی منظوری دے دی گئی ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق یہ ملک بھر میں ٹیکس وصولی کے نظام کو مربوط کرنے کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے جو کہ عالمی بینک سے قرضے کی وصولی میں اہم کردار ادا کرے گا، حکام کے مطابق صوبے کابینہ سے منظوری کے بعد یکم مئی تک اس ضمن میں اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اگلے مالی سال سے ان قواعد کا نفاذ چاہتا ہے جبکہ وفاق کا اصرار ہے کہ رواں ماہ اپریل سے ہی ان قواعد کا اطلاق کیا جائے، تاکہ عالمی بینک سے قرضے کا حصول ممکن بنایا جاسکے۔

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ قواعد کی منظوری اور ان پر عملدرآمد عالمی بینک کی جانب سے 450 ملین ڈالر کے قرض کے حصول میں واحد رکاوٹ تھی، جو کہ دور کر دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قواعد کی منظوری کے بعد اب اسحاق ڈار عالمی بینک کے صدر سے اپنی ملاقات میں جو اگلے چند روز میں متوقع ہے، قرضوں کی منظوری کیلئے بورڈ میٹنگ بلانے کا مطالبہ کریں گے، ممکنہ طور پر اسحاق ڈار 6 سو ملین ڈالر کے ایفورڈ ایبل انرجی کے سیکنڈ پروگرام کے قرض کی منظوری کی درخواست بھی کریں گے۔

مزیدخبریں