ایک نیوز: سندھ ہائیکورٹ نےپی ٹی آئی کراچی سوشل میڈیا ہیڈ محمد ارشد صدیقی اور سوشل میڈیا کے کارکن فہد جمال صدیقی کےگھر واپس آنے پر درخواست نمٹا تے ہوئے سماعت 19اپریل تک ملتوی کردی۔
پی ٹی آئی کراچی سوشل میڈیا ہیڈ محمد ارشد صدیقی کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست گزار نے کہا کہ 26 مارچ 2023 کو میرا بھائی صبح گھر سے کسی کام سے نکلا تھا مگر ابھی تک واپس نہیں آیا ۔
وکیل حسنین چوہان نے کہا کہ محمد ارشد صدیقی کی گمشدگی کی اطلاع 15 پر کردی گئی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل ظہورمحسود نے کہا کہ پولیس ارشد صدیقی کی بازیابی میں تعاون نہیں کررہی ہے،پولیس ارشد صدیقی کی گمشدگی کا مقدمہ درج نہیں کیا جارہا ہے،خدشہ ہے کہ میرے بھائی کو قانون نافذ کرنے والے ادارے قتل نا کردیں،خدشہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے میرے بھائی کو کراچی سے کہیں باہر لے گیے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ محمد ارشد صدیقی کو بازیاب کرانے کا حکم دیا جائے۔
وکیل نے کہا کہ ارشد صدیقی گھر واپس آگئے ہیں درخواست نمٹا دی جائے،عدالت نے گمشدہ شہری کی گھر واپسی پر درخواست نمٹا دی۔
گزشتہ سماعت پر آئی جی سندھ ،ڈی جی رینجرز ،انچارج ایس آئی یو اور دیگر کو نوٹس جاری کیا گیا تھا،درخواست محمد ارشد صدیقی کے بھائی محمد احسن کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکن امام الدین بھی گھر واپس پہنچ گئے،عدالت کی جانب سے شہری کی گمشدگی کی درخواست بھی نمٹا دی گئی۔
پی ٹی آئی کراچی سوشل میڈیا کے کارکن فہد جمال صدیقی کی گمشدگی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،دوران سماعت عدالت کی جانب سے مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا۔مقدمہ کا اندراج کرکے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔گمشدگی سے متعلق آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا گیا۔فریقین کی جانب سے تسلی بخش جواب جمع نہیں کروایا جاسکا۔عدالت کی جانب سے سماعت 19 اپریل تک کے لئیے ملتوی کردی گئی۔گذشتہ سماعت پر فریقین کو نوٹس جاری کیا گیا تھا۔