انتخابات پر اتحادی جماعتوں کے بڑےفیصلے، شہباز شریف آج اہم اعلان کریں گے

Apr 06, 2023 | 09:39 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  پنجاب میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر حکمران اتحاد آج بھی سر جوڑ کر بیٹھے گا ۔ 

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں حکمران اتحاد اپنی سیاسی قانونی و پارلیمانی حکمت عملی مرتب کرنے کےلیے آج پھر سر جوڑ کر بیٹھے گا۔وزیراعظم شہباز شریف آج اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے مستقبل کی سیاسی،آئینی و قانونی حکمت عملی پر مشاورت کرینگے جس کیلئے قومی اسمبلی اجلاس آج گیارہ بجے ہوگا۔ اجلاس میں پارلیمنٹ کی بالادستی ،فل کورٹ کی تشکیل کے مطالبے کے حوالے سے قرارداد منظور کی جائے گی۔  قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کی بالادستی اور عدالتی فیصلے کے خلاف قرار داد بھی لائی جائے گی۔

ذرائع  کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مشاورت کیساتھ ہی ایوان میں آئیں گے۔ قومی اسمبلی میں مسلسل سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف بحث جاری ہے۔حکومتی اتحادیوں کیساتھ ایوان میں بیٹھے اکثر اپوزیشن ارکان بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر وفاقی حکومت کے حامی ہیں۔  وفاقی حکومت کی جانب سے فیصلہ دینے والے ججز کے خلاف ریفرنس کا حتمی  فیصلہ بھی آج کیا جائیگا۔ سپریم کورٹ کے پنجاب میں انتخابات کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ رات کرلیا گیا تھا۔

مزیدخبریں