ایک نیوز: بلوچستان کی جیلوں میں قیدیوں کے لیے طبی سہولیات کے فقدان کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں مچ ،گڈانی،خضدار،مستونگ اور ژوب میں سینٹرل جیل اورکوئٹہ ،سبی ،ڈیرہ مراد جمالی،تربت،لورالائی،نوشکی اور پشین میں ڈسٹرکٹ جیل قائم ہیں، جن میں 50 خواتین، سزائے موت کے منتظر 60 قیدیوں سمیت 3 ہزار کے لگ بھگ قیدی پابند سلال ہیں۔
صوبے کی جیلوں میں طبی سہولیات کا فقدان ہے، صوبے کی 12 جیلوں میں سے 7 میں ڈاکٹرز ہی تعینات نہیں ہیں۔کوئٹہ کی ڈسٹرکٹ جیل میں ایک لیڈی ڈاکٹر تعینات ہے جبکہ دیگر 3 جیلوں میں لیڈی ڈاکٹر کی آسامیاں خالی ہیں۔
دوسری جانب جیلوں میں سٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینوں کا جیل میں وجود ہی نہیں ہے ، تاہم صوبے کی 3 جیلوں میں ایکسرے مشینیں اور چھوٹی لیب موجود ہیں ۔
آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان شجاع الدین کاسی نے محکمہ صحت کو لکھے مراسلے میں صوبے کی جیلوں میں ادویات کی مد میں دیے جانے والے بجٹ کو نصف سے زائد کم کرنے اور ڈاکٹرز کی کمی پر اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔